پاکستان میں براون انڈے کی زیادہ پیداوار کے لئے کامیاب نسل آر آئی آر مرغی 1840 کے وسط میں امریکہ کے ایک جزیرہ روڈ آئی لینڈ میں تیار کی گئی تھی۔ جس کی مناسبت سے اسے روڈ آئی لینڈ ریڈ کا نام دیا گیا۔ امریکہ میں عام فہم میں مقامی سطح پر اسے ریڈ لیڈی کے نام سے بھی بولا جاتا ہے۔ آرآئی آر مرغی کو وراثتی طور پر کچھ دوسری بریڈز کو ہایئبرڈ طریقہ نسل سے آپس میں کراس کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ جن میں بلیک ریڈ مالے، بس کوچین، لینگ شان، ہیمبرگ اور روز کومبیڈ لیگ ہارن کو منتخب کیا گیا تھا۔ جن سے آرآئی آر مرغی تیار کی گئی تھی۔ جو انڈے اور گوشت کو تجارتی پیمانے پر حاصل کرنے کے لئے تیار ہوئی تھی۔ آر آئی آر مرغی کے انڈے کا رنگ گہرا براون ہوتا ہے۔ جو سال بھر 365 دن میں 300 سے زائد انڈہ دیتی ہے۔جس کا وزن مکمل پروڈکشن تقریبا عمر کے 32 ویں ہفتے میں 55 گرام سے لے کر 65 گرام تک ہوتا ہے۔ مرغی جسمانی طور پر 2 کلو سے زیادہ وزن میں ہوتی ہے اور مرغا 5 مہینے میں 3 کلو سے 4 کلو تک اپنا وزن دیتا ہے۔ پیداوار کی ان تمام خصوصیات کو دیکھتے ہوئے پوری دنیا میں آر آئی آر مرغی پر سب سے زیادہ فارمنگ کی جا رہی ہے۔ اور دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس بریڈ کو دیگر بریڈ ز کے ساتھ کراس کروا کر ہائبرڈ مرغی تیار کی جاتی ہے۔ جن میں لوہمین براون، آئزا براون، ہائی سیکس لنک براون وغیرہ شامل ہیں جنہیں انڈے دینے والی مشین بھی کہا جاتا ہے جو ہائبرڈ ہو کر انڈے کی سالانہ پیداوار 300 سے 320 تک برقرار رکھتی ہے۔ اس لئے آر آئی آر مرغی پوری دنیا میں براون انڈہ حاصل کرنے کے لئے زیادہ مشہور ہے۔ اور اگر سوشل میڈیا کے ذریعے آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، یورپ، انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن اور انڈیا وغیرہ میں فارمنگ کو دیکھا جائے تو انڈے اور گوشت کی پیداوار کے لئے آر آئی آر مرغی پر سب سے زیادہ فارمنگ نظر آتی ہے۔ آر آئی آر مرغی کی خالص نسل کی پہچان کے لئے سب سے پہلے اس کی پیلی ٹانگیں چیک کی جاتی ہیں۔آنکھ کا رنگ گہرا ذردی مائل ہونا چاہئیے۔ پونچھ کے اوپری پر کالے اور جسم کا اوپری حصہ گہرے براون کے ساتھ کالے رنگ مکس میں ہونا چاہئے۔ پاکستان میں آر آئی مرغی کی 2 اقسام چل رہی ہیں۔ ایک مرغی وہ ہے جو سفید رنگ کی ٹانگیں رکھتی ہے جو فلپائن۔ انڈونیشیا سے پاکستان میں لائی گئی ہے جسے خالص نہیں کہا جا سکتا۔ اور ایک مرغی وہ ہے جس کی ٹانگیں پیلے ہلکے گہرے رنگ میں پائی جاتی ہیں جو خالص بریڈ میں شمار ہوتی ہے۔ جو امریکہ سے درآمد کی گئی ہے۔دونوں میں پروڈکشن کا بھی فرق ہے جو سفید ٹانگ والی مرغی ہے وہ پیداوار کم تعداد میں مہیا کرتی ہے جو لگ بھگ 70 فیصد پیداوار رکھتی ہے اور جو پیلے گہرے ہلکے رنگ کی ٹانگوں کے ساتھ پائی جاتی ہے وہ 80 سے 90 فیصد باآسانی اپنی پیداوار مہیا کرتی ہے۔ آر آئی آر مرغی پر کامیاب فارمنگ کی جو وجوہات ہیں وہ درج ذیل ہیں، 1۔ آر آئی آر مرغی قوت مدافعت میں زیادہ مضبوط ہے جو ہر طرح کی بیماری کا باآسانی مقابلہ کرتی ہے۔ 2۔ آر آئی آر مرغی دوستانہ ماحول میں رہنا پسند کرتی ہے۔ 3۔ آر آئی آر مرغی کنٹرولڈ، سیمی کنٹرولڈ، کیج سسٹم، فری رینج ہر طرح کے ماحول میں اپنی پروڈکشن برقرار رکھتی ہے۔ 4۔ آر آئی آر مرغی گرمی سردی ہر طرح کے موسم میں کامیاب رہتی ہے۔ 5۔ آر آئی آر مرغی جہاں سال بھر میں 300 سے زائد انڈہ دیتی ہے وہیں اس کے انڈے کا سائز 55 گرام سے 65 گرام تک ایک جیسا براون رنگ میں ہوتا ہے 6۔ آر آئی آر مرغا 1٫00 کی ایف سی آر کے ساتھ 3 مہینے میں اوسط وزن 1800 گرام کرتا ہے۔ 7۔ آر آئی آر مرغی 2 سال تک اپنی پیداوار کو برابر مستحکم رکھتی ہے۔ پاکستان جیسے متغیر موسم کے لحاظ سے اگر آرآئی آر مرغی پر کام کیا جائے تو بڑے تجارتی پیمانے پر براون انڈے کی پیداوار کے لئے کامیاب فارمنگ کی جا سکتی ہے۔ جس کا انڈہ اپنے رنگ، چمک اور سائز میں آئیڈیل اہمیت رکھنے کی وجہ سے اسے ایکسپورٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ جس سے فارمنگ کو نفع بخش ہونے کا ساتھ معاشی خوشحالی کے لئے بہترین بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں آر آئی آر مرغی پر فارمنگ کرنے کے لئے سب سے پہلے اس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پھر مارکیٹ پہلو سے اس کے اوپر مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔ انڈے اور گوشت کے لئے فارمنگ کرنے والے فارمرز کے لئے آرآئی آر ایک آئیڈیل بریڈ ہے جس پر مکمل توجہ کی ضرورت ہے ۔ جو فارمرز کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ وطن عزیز میں پروٹین کی کمی کو پورا کرنے میں بہترین معاون ثابت ہو سکتی ہے اور اس کا معیاری انڈہ حاصل کر کے ایکسپورٹ کو بھی بڑھایا جا سکتا ہے جس سے ایک ٹھیک ٹھاک زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ آر آئی آر مرغی ان کے لئے بھی فائدہ مند ہے جو نئے لوگ مرغبانی پر دلچسپی لے رہے ہیں اور 100 سے 200 چوزہ حاصل کر کے ابتدائی سطح پر اپنا بہترین کام شروع کر سکتے ہیں۔ جس سے ایک اچھی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ کیونکہ مارکیٹ میں ہمیشہ وہ کام کرنا چاہیے جو لمبے عرصے تک خوشحالی کا باعث بننے کے ساتھ مستحکم اور پائیدار کاروبار کے مواقع پیدا کرے۔ اس لئے ہمیں سب سے پہلے خوب سوچ سمجھ کر ایک کام کا فیصلہ کرنا چاہئیے۔ پھر اس کام کا انتخاب کرنا چاہئیے جو دیرپا اور مستقل مارکیٹ کی ترقی کا باعث بنے۔ ایسے کام یا کام سے ملتی جلتی چیزوں کا انتخاب نہیں کرنا چاہئیے جس میں وقت کے ضیاع کے ساتھ ساتھ سرمائے کے نقصان کا باعث بنے اور ایک عارضی یا مصنوئی مراکیٹ بنا کر سب کے لئے نقصان کا باعث بنے اور ہم بددل ہو کر اس کام سے ہمیشہ کے لئے توبہ تائب ہو جائیں اور نئے آنے والوں کے لئے ناکامی کی مثال بنتے ہوئے اسے ہمیشہ زوال کی طرف دھکیل دیں۔ مرغی کے کام میں دلچسپی لینے والے حضرات سے درخواست ہے کہ نئی چیز پر کام شروع کرنے سے پہلے اس کی خاصیت اور اس کی اہمیت کو دیکھنا ضروری ہے جب ایک چیز خالص اور پیداوار میں خاص اہمیت کی حامل ہو گی وہ خود بخود مارکیٹ میں آپ کے راستے ہموار کرتی چلی جائے گی۔ آر آئی آر مرغی جن کے پاس رکھی ہوئی ہے سب سے پہلے ان کا سروے کریں ان سے اس کی پروڈکشن کا معیار پوچھیں اس کے علاوہ گوگل اور دیگر سوشل میڈیا پر اس کے معیار اور خالص بریڈ پر مکمل معلومات حاصل کریں پھر اس کا انتخاب کریں۔ اور یہی عمل آپ کی کامیاب فارمنگ کی ترقی کا باعث بنے گا۔
Leave a Reply